احکامات جاری کرنے عہدیداروں کو چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت
حیدرآباد ۔26۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی ہے کہ عازمین حج کو حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کی امداد سے متعلق اسکیم کے احکامات جاری کئے گئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے انتخابات سے قبل منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وجئے واڑہ امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے آندھراپردیش کے عازمین حج کو حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کی مدد کی جائے گی۔ اب جبکہ حج 2025 کے لئے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ، عہدیداروں نے چندرا بابو نائیڈو کو انتخابی وعدہ کے بارے میں توجہ دلائی ۔ چیف منسٹر نے محکمہ فینانس اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد اس سلسلہ میں باقاعدہ جی او جاری کریں۔ حج مصارف میں کمی کے مقصد سے چندرا بابو نائیڈو نے عازمین حج کو فی کس ایک لاکھ روپئے کے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ائمہ اور مؤذنین کو 10,000 روپئے ماہانہ اعزازیہ اور پاسٹرس کو ماہانہ 5000 روپئے اعزازیہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا۔ 1