آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس…جھلکیاں

   

l چندرابابو نائیڈو کی جذباتی انٹری
l اسمبلی کی زمین کو عقیدت سے سلام کیا
l تلگودیشم ارکان کے نعروں میں استقبال
l جگن موہن ریڈی تاخیر سے اسمبلی پہونچے
l حلف برداری کے فوری بعد روانہ
l تلگودیشم ارکان نے جگن کے نمستے کا جواب نہیں دیا
l جگن کو اقتدار سے محرومی کا تلخ تجربہ
lپون کلیان کی انسانیت دوستی
l لوکیش کی والد سے جذباتی ملاقات
l نارا بھونیشوری نے نائیڈو کی تقریر وائرل کی
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی اجلاس کے پہلے دن ایوان میں جذباتی اور دلچسپ مناظر دیکھے گئے۔ 5 سال کی جدوجہد کے بعد تلگودیشم پارٹی کی اقتدار میں واپسی کا جشن ایوان میں محسوس کیا جارہا تھا۔ صدر تلگودیشم چندرابابو نائیڈو چیف منسٹر کے طور پر جیسے ہی ایوان میں داخل ہوئے اُنھوں نے ایوان کی زمین کو عقیدت سے چھوا اور پوجا کی۔ نومبر 2021 ء کے بعد چندرابابو نائیڈو پہلی مرتبہ ایوان میں داخل ہوئے اور وہ قائد اپوزیشن نہیں بلکہ چیف منسٹر کے رول میں تھے۔ نائیڈو کے ایوان میں داخل ہوتے ہی تلگودیشم ارکان نے اسمبلی میں استقبال کے لئے نعرے لگائے۔ تلگودیشم ارکان نے سچائی کی جیت اور جمہوریت کی جیت جیسے نعرے لگائے۔ کافی دیر تک نعرے بازی جاری رہی اور چندرابابو نائیڈو نے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان سے جذباتی ملاقات کی۔
l سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اسمبلی اجلاس کے آغاز کے وقت ایوان میں موجود نہیں تھے۔ اگرچہ وہ پارٹی کے ارکان کے ساتھ اسمبلی کے احاطہ میں پہونچ گئے تھے لیکن اُنھوں نے گزشتہ حکومت میں ڈپٹی اسپیکر کو الاٹ کردہ چیمبر میں اپنے ارکان کے ساتھ وقت گزارا۔ ایوان کی کارروائی کے دوران جب جگن موہن ریڈی کی حلف برداری کا وقت قریب آیا وہ اپنے ساتھی ارکان کے ساتھ 5 منٹ قبل ایوان میں داخل ہوئے اور پچھلی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ جگن موہن ریڈی حلف برداری کے فوری بعد ایوان سے روانہ ہوگئے اور ساتھی ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔
l جگن موہن ریڈی نے حلف برداری کے موقع پر پہلے اپنا نام مکمل ادا نہیں کیا، صرف وائی ایس جگن موہن کہا، غلطی کا احساس ہونے کے بعد اُنھوں نے مکمل نام ادا کرتے ہوئے رکنیت کا تلگو میں حلف لیا۔
l جگن موہن ریڈی اپنی نشست سے اُٹھ کر جب حلف برداری کے مقام تک پہونچے اور حلف برداری کے بعد عبوری اسپیکر کے پوڈیم تک جانے کے دوران اُنھوں نے تلگودیشم ارکان اور وزراء کو ہاتھ جوڑ کر نمستے کیا، لیکن تلگودیشم کے کسی بھی رکن نے جواب نہیں دیا۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو اِس موقع پر کاغذات کے مطالعہ میں مصروف دیکھے گئے۔ جگن موہن ریڈی نے عبوری اسپیکر بچیا چودھری سے ملاقات کی اور اپنے ارکان کے درمیان واپس ہوگئے۔
l اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ ہی محرومی کا احساس شدت سے ستاتا ہے۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی آج جب اسمبلی پہونچے تو اُن کے ساتھ برائے نام سکیورٹی عملہ تھا اور اُنھیں رسیو کرنے کے لئے کوئی عہدیدار نہیں تھا۔ چیف منسٹر کے طور پر 5 برسوں تک جو ٹھاٹ باٹ تھی آج اُس کی کمی کا احساس اُن کے چہرے سے جھلک رہا تھا۔ جگن موہن ریڈی سکیورٹی عملہ کو نمستے کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔ اقتدار سے محرومی کے بعد جگن موہن ریڈی کیلئے اسمبلی کی انٹری گیٹ بھی تبدیل ہوگئی، وہ چیف منسٹر اور وزراء کے انٹری پوائنٹ کے بجائے ارکان اسمبلی کے انٹری پوائنٹ سے اسمبلی میں داخل ہوئے۔
lڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے حقیقی زندگی میں خود کو ہیرو ثابت کرتے ہوئے ایوان میں انسانیت کا مظاہرہ کیا۔ اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے کے بعد پون کلیان جب عبوری اسپیکر سے ملاقات کے لئے پہونچے تو واپسی کے راستہ میں مارشل اور اسمبلی کا عملہ کھڑا تھا۔ پون کلیان نے اسمبلی کے مارشل اور اسٹاف سے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا جس سے وہاں موجود افراد متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ پون کلیان نے اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد اسمبلی کے دیگر عملے سے بھی ملاقات کی۔
lچندرابابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کی عملی سیاست میں انٹری بھی مثالی رہی۔ ایوان میں جب نارا لوکیش کا نام پکارا گیا تو تلگودیشم کے تمام ارکان نے میزیں تھپتھپاکر اُن کا خیرمقدم کیا۔ نارا لوکیش پہلی مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے۔ حلف برداری کے بعد اُنھوں نے اپنے والد چندرابابو نائیڈو سے جذباتی انداز میں لپٹ کر ملاقات کی اور آشیرواد حاصل کیا۔ اُنھوں نے پون کلیان سے بھی ملاقات کی۔ نارا لوکیش کو فلم اسٹار بالا کرشنا نے بھی آشیرواد دیا جو رشتہ میں ماموں ہوتے ہیں۔
l نومبر 2021 ء میں اسمبلی بائیکاٹ کی وجہ بننے والی چندرابابو نائیڈو کی اہلیہ نارا بھونیشوری آج کافی خوش تھیں۔ اُنھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر چندرابابو نائیڈو کی وہ تقریر کا ویڈیو وائرل کیا جس میں نائیڈو اسمبلی میں کہہ رہے تھے کہ وہ چیف منسٹر کے طور پر ہی ایوان میں واپس ہوں گے۔ بھونیشوری نے لکھا کہ سچائی اور جمہوریت کی جیت ہوئی ہے اور میں عوام کو سلام کرتی ہیں۔ چندرابابو نائیڈو آج چیف منسٹر کے طور پر ایوان میں داخل ہوئے ہیں۔ نارا بھونیشوری کے ٹوئٹ پر عوام کی جانب سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اُنھیں مبارکباد پیش کی گئی۔ عوام نے لکھا کہ جس طرح اسمبلی کے بائیکاٹ کے لئے بھونیشوری وجہ بنیں اُسی طرح تلگودیشم کو اقتدار ملنے میں اُن کا بڑا رول ہے۔ بھونیشوری نے اپنی قیامگاہ پر حلف برداری تقریب کا لائیو مشاہدہ کیا۔ 1