حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سریکاکولم ضلع میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کاسی بوگا کے سری وینکٹیشور سوامی مندر میں ہفتہ کو بھگدڑ مچنے سے 10 بھکت ہلاک ہوگئے۔ حادثہ میں کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ایکادشی کے موقع پر مندر میں عقیدت مندوں کے ہجوم کی وجہ سے پیش آیا۔ وینکٹیشور سوامی کے درشن کرنے ہزاروں عقیدت مند مندر پہنچے تھے۔ ہجوم اچانک بڑھنے سے بھگدڑ مچ گئی۔کچھ لوگ دم گھٹنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے اس واقعہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ اس وقت جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔(ش)