آندھراپردیش میں آئندہ ماہ کنٹی ویلگو اسکیم پر عمل

   

۔70 لاکھ اسکولی طلبہ کے امراض چشم کی تشخیص ، اے نانی وزیر کا بیان
حیدرآباد /25 ستمبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش ریاست کے غریب کمزور بینائی سے متاثر افراد کیلئے ریاستی سطح پر 10 اکٹوبر سے پروگرام کنٹی ویلگو اسکیم کا آغاز کرے گی ۔ اس پروگرام کیلئے حکومت 560 کروڑ روپئے خرچ کرکے بینائی سے متاثرہ افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر برائے امور صحت و طبابت مسٹر اے نانی نے یہ بات بتائی ۔ ممتاز ماہرین امراض چشم ڈاکٹروں پر مشتمل ایک گروپ نے ڈپٹی چیف منسٹر برائے امور صحت و طبابت سے خیر سگالی ملاقات کی اور 28 ستمبر کو کاکیناڈا میں ماہرین امراض چشم ڈاکٹروں کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی دعوت دی ۔ ڈاکٹروں نے اس غیر معمولی دلچسپی پر انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 5 کروڑ 30 لاکھ افراد کے آنکھوں کی تشخیص اور عصری طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے وائی ایس آر کنٹی ویلگو اسکیم شروع کی جارہی ہے ۔ ماہرین امراض چشم کو تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ 10 تا 16 اکٹوبر تک آنکھوں کے معائنے کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر آپریشن، ادویات کی فراہمی اور عینکوں کی مفت فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اے نانی نے مزید بتایا کہ 10 اکٹوبر کو زائد از 70 لاکھ اسکولی طلباء و طالبات کے آنکھوں کا معائنہ کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے ممتاز ماہرین امراض چشم ڈاکٹرس کے وفد میں مسرس ڈاکٹر اے ایس رام ، این وشنووردھن راؤ ، وجئے بھاسکر ریڈی و دیگر شامل تھے ۔ ماہرین امراض چشم ڈاکٹرس نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر اے نانی کو واضح تیقن دیا کہ ریاست میں شروع کئے جانے والے وائی ایس آر کنٹی ویلگو اسکیم ‘‘ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔