تین اضلاع میں شام 6 بجے تک نرمی برقرار، چیف منسٹر جگن کا فیصلہ
حیدرآباد: آندھراپردیش حکومت نے کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد 8 اضلاع میں کرفیو میں نرمی میں اضافہ کیا ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں کورونا صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 8 اضلاع میں نرمی کے اوقات کو صبح 6 تا رات 9 بجے تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک نائیٹ کرفیو جاری رہیگا ۔حکومت کے مطابق رات 9 بجے سے 10 بجے کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو ختم کرکے عوام کو مکانات لوٹنا ہوگا۔ صبح 6 بجے تک کرفیو جاری رہے گا۔ جن اضلاع میں نرمی کے اوقات میں توسیع کی گئی ، وہ پرکاشم ، وجئے نگرم ، وشاکھاپٹنم ، گنٹور ، نیلور ، اننت پور ، کڑپہ اور کرنول شامل ہیں جبکہ مشرقی اور مغربی گوداوری ، کرشنا اور چتور اضلاع میں شام 6 بجے سے صبح 6 بجے کرفیو برقرار رہے گا۔ تازہ احکامات پر یکم جولائی سے 7 جولائی تک عمل آوری ہوگی اور کیسیس کی تعداد میں مزید کمی کے بعد کرفیو کے اوقات میں نرمی یا پھر کرفیو مکمل طور پر برخواست کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔