آندھراپردیش میں تلگودیشم، جناسینا اور بی جے پی انتخابی منشور

   

خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، ہر سال پکوان گیس کے تین سیلنڈر
18 تا 59 سال کی خواتین کو ماہانہ 1500 وظیفہ، نوجوانوں کو 3 ہزار روپئے ماہانہ بے روزگاری الائونس، ہر گھر کو پانی کی سربراہی
حیدرآباد: 30 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں تلگودیشم، جناسینا اور بی جے پی اتحاد نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے لیے منشور جاری کردیا ہے۔ تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو، جناسینا کے سربراہ پون کلیان اور بی جے پی کے آندھراپردیش انچارج سدھارتھ ناتھ سنگھ نے تین پارٹیوں کے اتحاد کا منشور جاری کیا جس میں عوام سے کئی وعدے کئے گئے ہیں۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت اور غریب خاندانوں کو ایک سال میں 3 پکوان گیس سیلنڈرس کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا۔ پراجا گلم کے عنوان سے امراوتی میں چندرا بابو نائیڈو کی قیام گاہ پر منشور کی اجرائی عمل میں آئی۔ تینوں پارٹیوں نے انتخابی منشور میں جو دیگر وعدے کئے ہیں ان میں 18 سال عمر کی لڑکیوں کو ماہانہ 1500 روپئے وظیفہ آڈابڈا ندھی اسکیم کے تحت منظور کرنے کا وعدہ شامل ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بے روزگاری الائونس دیا جائے گا۔ آندھراپردیش کے ہر گھر کو پائپ لائین کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا وعدہ کیا گیا۔ تین جماعتوں کے اتحاد نے طلبہ کے لیے ہر سال 15 ہزار روپئے تعلیمی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ کسانوں کو ہر سال 20 ہزار روپئے امداد دی جائے گی تاکہ وہ اپنی فصلوں کو بہتر انداز میں اگاسکیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے نوجوانوں کے لیے ایک سال میں 4 لاکھ اور 5 برسوں میں 20 لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا ہے۔ غریبوں کو فی خاندان 2 سینٹ اراضی کی فراہمی اور مکانات کی تعمیر کے لیے امداد کا وعدہ کیا گیا۔ اراضیات کے حق سے متعلق قانون کو منسوخ کردیا جائے گا۔ تین جماعتوں کے اتحاد نے بی سی طبقات کے تحفظ کے لیے خصوصی قانون سازی اور دیگر طبقات کے لیے بھی مختلف وعدے کئے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 18سے 59 سال کی ہر خاتون کو ماہانہ 1500 روپئے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل سے وظیفہ کی رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے معذورین کے لیے 6 ہزار اور مکمل طور پر معذورین کے لیے 10 ہزار امداد کا وعدہ کیا۔ ہینڈلوم انڈسٹری کو 500 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے لیے ریاست میں 10 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا وعدہ کیا۔ تین جماعتوں کے اتحاد نے امراوتی کو آندھراپردیش کے دارالحکومت کے طور پر برقرار رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔ بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو 4 ہزار روپئے پنشن، بی سی سب پلان کے ذریعہ 1.5 لاکھ کروڑ 5 برسوں میں خرچ کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ خواتین کے ڈاکرا گروپس کو 10 لاکھ روپئے کا قرض کا وعدہ کیا گیا۔ تاڑی تاسندوں کو سیندھی کی دکانات میں 10 فیصد تحفظات دیئے جائیں گے۔ چندرا بابو نائیڈو نے سرکاری ملازمین کے ساتھ مکمل انصاف، زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کا وعدہ کیا ہے۔ غریبوں کو مفت علاج کی سہولت کی اسکیم متعارف کی جائے گی۔ 1