آندھراپردیش میں حج کیلئے تاحال 1158 درخواستیں وصول

   

۔10 نومبر تک آن لائین ادخال کی سہولت،ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے حج 2020 ء کی ادائیگی کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ وہ 10 نومبر تک آن لائین درخواستیں داخل کردیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے ، لہذا فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ وہ حج کمیٹی اور ضلع حج سوسائٹیز کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے فوری اپنی درخواستیں داخل کردیں۔ اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے بتایا کہ آندھراپردیش میں ابھی تک 1158 درخواستیں آن لائین داخل کی گئی ہے ۔ اننت پور سے 159 ، چتور 141 ، مشرقی گوداوری 35 ، گنٹور 126 ، کڑپہ 155 ، کرشنا 109 ، کرنول 242 ، نیلور 59 ، پرکاشم 46 ، سریکاکلم 7 ، وشاکھاپٹنم 42 ، وجئے نگرم 17 اور مغربی گوداوری سے 20 درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے 10 نومبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ مقرر کی ہے ۔ گزشتہ سال آندھراپردیش کے لئے 2600 عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔ حج سبسیڈی کی برخواستگی اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے سبب گزشتہ سال مقررہ کوٹہ سے کم درخواستیں وصول ہوئی تھی۔ تلنگانہ سے بڑی تعداد میں درخواستوں کے ادخال کے نتیجہ میں مقررہ کوٹہ کی تکمیل ہوئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے آندھراپردیش کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے کوٹہ کے مطابق درخواستیں داخل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے عازمین حج کے لئے معاشی امداد کا فیصلہ کیا ہے جو ایک تاریخی قدم ہے۔ سالانہ تین لاکھ روپئے سے کم آمدنی رکھنے والے عازمین کو 60,000 روپئے اور تین لاکھ روپئے سے زائد آمدنی والوں کو 30,000 روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی مساعی کے نتیجہ میں مرکز نے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کو منظوری دی ہے اور حج 2020 ء کے عازمین حج وجئے واڑہ سے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مالی امداد کے نتیجہ میں عازمین حج کے بوجھ میں کمی ہوگی۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد سے وجئے واڑہ میں انٹرنیشنل فلائیٹس کی سہولت نہ ہونے کے سبب آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے تھے ۔