حیدرآباد 3ستمبر(یو این آئی) آندھر اپردیش میں دو مختلف سڑک حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ۔پہلا حادثہ باپٹلہ ضلع کے سنتاماگلورو علاقہ میں ایک سرکاری ہائی اسکول کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک آٹو اور لاری کا تصادم ہوگیا۔اس حادثہ میں 5افراد ہلاک ہوگئے ۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ دو خواتین اور ایک شخص برسر موقع ہی ہلاک گئے جبکہ دیگر دو کی موت نرساراوپیٹ کے سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران ہوئی۔ وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی دیگر دو افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔مقامی افراد نے بتایا کہ آٹو میں سوار لوگ گنٹور کے کیٹرنگ اسٹاف تھے ۔دوسرا حادثہ ضلع اننت پور میں پیش آیا جہاں دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کے پولیکی علاقہ میں اُس وقت پیش آیا جب دو بائیکس کا تصادم ہوگیا۔ مہلوکین کی شناخت 15سالہ بالو اور21سالہ ورشن کے طورپر کی گئی ہے ۔دونوں واقعات کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔