آندھراپردیش میں سرمایہ کاری اور بندرگاہوں کی ترقی کیلئے سنگا پور سے تعاون

   

چندرا بابو نائیڈو نے پورٹ اور اسپورٹس اسکول کا دورہ کیا، صنعت کاروں اور عہدیداروں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے دورہ سنگا پور کے دوسرے دن سنگا پور کے مختلف صنعت کاروں کے علاوہ حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے سنگا پور اور آندھراپردیش کے درمیان مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے سنگا پور کے بیدادری ہاؤزنگ پراجکٹ کا دو گھنٹے تک تفصیلی دورہ کیا ۔ کمیونٹی ہاؤزنگ ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں یہ مثالی پراجکٹ ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ امراوتی دارالحکومت کی تعمیر کے لئے عصری انفراسٹرکچر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سنگا پور حکومت نے امراوتی کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان فراہم کیا ہے اور ورلڈ بینک نے پراجکٹ میں تعاون کا یقین دلایا ۔ سنگا پور کے ہاؤزنگ پراجکٹ کے تحت 10 ہزار خاندانوں کو مکانات فراہم کئے جائیں گے ۔ مقامی عہدیداروں نے پراجکٹ کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ یہ پراجکٹ 250 ایکر پر محیط ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر نے آندھراپردیش میں اربن ہاؤزنگ پراجکٹس کے لئے سنگا پور کے اداروں سے تعاون کی خواہش کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے سنگا پور کے مشہور پورٹ کا دورہ کیا اور تلنگانہ میں بندرگاہوں کی ترقی کیلئے سنگا پور کی ٹکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر کی زیر قیادت وفد نے پورٹ آف سنگا پور اتھاریٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور آندھراپردیش میں بندرگاہوں کی ترقی پر بات چیت کی۔ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ ریاستی وزراء نارا لوکیش ، ٹی جی بھرت اور نارائنا موجود تھے۔ چندرا بابو نائیڈو نے سنگا پور میں سیاحت اور معاشی ترقی کے مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے سنگا پور اسپورٹس اسکول کا دورہ کرتے ہوئے اسپورٹس کی ترقی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت کھیل کود کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ سرکاری ملازمتوں میں کھلاڑیوں کیلئے تحفظات کو 2 فیصد سے بڑھاکر 3 فیصد کیا گیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ بیاٹمنٹن کوچھ پی گوپی چند اور عہدیدار موجود تھے۔ سنگا پور میں 12 سال کی عمر سے ہی طلبہ کو کھیل کود سے وابستہ کیا جاتا ہے۔1