آندھراپردیش میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 2000 کروڑ کی مرکز سے منظوری

   

ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے آندھراپردیش میں دیہی علاقوں کی سڑکوں کی ترقی کے لئے کیپیٹل انویسٹمنٹ اسکیم کے تحت 2000 کروڑ کی منظوری دی ہے ۔ مرکز کی جانب سے ریاستوں میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈس کی اجرائی اسی اسکیم کے تحت عمل میں آتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر پنچایت راج پون کلیان نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت کے فنڈس کا موثر طور پر استعمال کریں اور دیہی علاقوں میں بہتر سڑکوں کو یقینی بنایا جائے۔ پون کلیان نے محکمہ پنچایت راج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انتظامی مشنری کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیاری سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مواضعات میں پنچایت راج کی سڑکوں کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی جن کو حالیہ بارش اور سیلاب میں نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی مدد کے نتیجہ میں مرکز سے فراخدلانہ فنڈس حاصل ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے فنڈس کے حصول کے لئے کامیاب مساعی کی ہے ۔ مرکزی فنڈس کے تحت ریاستی حکومت نے پنچایت راج سڑکوں کی ترقی پر 35 کروڑ خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پون کلیان کے مطابق مخلوط حکومت کے ترقیاتی منصوبہ کو مرکزی حکومت کا تعاون حاصل ہے۔1