عوامی نمائندوں کے ساتھ دہلی میں دھرنے کا منصوبہ، مقتول رشید کے پسماندگان کو پرسہ
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے الیکشن کے بعد پارٹی کارکنوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نئی دہلی میں احتجاجی دھرنا منظم کرے گی ۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج وائی ایس آر کانگریس کے سرگرم کارکن رشید کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے قتل کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی نتائج کے بعد سے تلگو دیشم کارکنوں کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کارکنوں پر حملوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ پارٹی دفاتر کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تلگو دیشم حکومت نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دفاتر کے انہدام کیلئے نوٹس جاری کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پلناڈو میں تلگو دیشم کارکنوں نے رشید کا بے دردی سے عوام کے درمیان قتل کردیا لیکن پولیس آج تک اصل قاتل کو گرفتار نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے دن وائی ایس آر کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور کونسل نئی دہلی روانہ ہوں گے اور وہاں دھرنا منظم کیا جائے گا۔ دھرنے کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کرتے ہوئے تلگو دیشم حکومت کے مظالم کی شکایت کی جائے گی۔ اسی دوران وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پلناڈو سڑک کے راستہ سفر کیا اور سرکاری گاڑی کے بجائے خانگی گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے سیکوریٹی عملہ کو الجھن میں ڈال دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم حکومت نے ان کی سیکوریٹی میں کمی کردی ہے۔ 1