پروین پرکاش پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر مقرر
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت نے بعض سینئیر آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ جاری کردہ احکامات کی روشنی میں مسٹر پروین پرکاش سینئیر آئی اے ایس عہدیدار کو پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی مقرر کیا گیا ۔ مسٹر پروین پرکاش فی الوقت نئی دہلی میں آندھراپردیش بھون کے ریسیڈنٹ کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں اور انہیں اب چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ۔ ریاستی چیف سکریٹری آندھراپردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم نے تین آئی اے ایس عہدیداروں اور ایک آئی ایف ایس عہدیدار کا تبادلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی ( پولیٹیکل ) کے عہدے پر فائز مسٹر آر بی سیسوڈیہ کا تبادلہ کرکے انہیں پرنسپال سکریٹری برائے قبائلی بہبود مقرر کیا گیا اور پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی ( پولیٹکل ) کی زائد ذمہ داری مسٹر پروین کمار کو تفویض کی گئی ۔ اسی طرح آندھراپردیش فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر عہدے پر فائز مسٹر این ہرتیپ کمار کو بحیثیت پرنسپال چیف کنٹزرویٹر آف فاریسٹس کی مکمل زائد ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔