آندھراپردیش میں غریبوں کو مفت گیس سلینڈر سربراہی اسکیم کا آغاز

   

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے خود چائے تیار کی، سریکا کلم ضلع سے اسکیم کا افتتاح کیا
حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے انتخابی وعدہ کی تکمیل کرکے غریب خاندانوں کو مفت پکوان گیس سلینڈر کی سربراہی اسکیم کا آغاز کیا۔ سریکاکلم ضلع اچھاپورم منڈل میں چندرا بابو نائیڈو نے غریب خاندانوں کے مکانات پہنچ کر اسکیم کا آغاز کیا اور مفت گیس سلینڈر حوالے کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے شانتماں کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور گیس سلینڈر حوالے کرنے کے بعد چائے تیار کی۔ گھر میں موجود اسٹو پر نائیڈو نے گیس پر خود چائے بنائی اور شانتماں اور افراد خاندان کے ساتھ نوش کی۔ چندرابابو نائیڈو نے اس خاندان کی ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے شانتماں کی نواسی کو گود میں لیا اور اس کے ساتھ کچھ دیر کھیلتے رہے۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم نے اسمبلی انتخابات سے قبل غریب خاندانوں کو ہر سال تین گیس سلینڈرس مفت سربراہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ نائیڈو نے کئی غریب خاندانوں سے ملاقات کرکے انہیں سلینڈر حوالے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت غریبوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے غریب خاندانوں سے سرکاری اسکیمات پر عمل پر استفسار کیا۔ نائیڈو نے جلسہ عام سے خطاب کیا اور کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل ترجیحی بنیادوں پر کی جائیگی۔ دیپم اسکیم کے تحت مستحق خاندانوں کو سال میں تین گیس سلینڈر مفت سربراہ کئے جائیں گے اور حکومت نے گیس کمپنیوں کو سبسیڈی کی رقم جاری کردی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی سبسیڈی کی رقم استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائیگی۔ نائیڈو نے کہا کہ آندھراپردیش کی این ڈی اے حکومت فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے معاملہ میں ملک کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے غریب عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے گا ۔ 1