حیدرآباد ۔ 26۔نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں اضلاع کی تعداد کو 26 سے بڑھاکر 29 کرنے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ حکومت نے اس سلسلہ میں وزارتی گروپ تشکیل دیا تھا جس نے اضلاع کی تعداد میں اضافہ کی سفارش کی۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سفارشات کو قبول کرلیا ہے ۔ پولاورم ، مارکا پورم اور مدن پلی نئے اضلاع کا جلد ہی اضافہ ہوگا۔ حکومت نے پانچ نئے ریونیو ڈیویژنس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ مختلف اضلاع میں ریونیو نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے نئے ڈیویژنس تشکیل دیئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارتی گروپ کی سفارشات پر کابینہ میں غور کیا جائے گا اور کابینی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ نئے اضلاع اور ریونیو ڈیویژن کی تشکیل کیلئے کابینی منظوری ضروری ہے۔ تین ریونیو ڈیویژنس پر مشتمل ایک ضلع تشکیل دیا جائے گا۔ پولاورم ضلع کے تحت 3.49 لاکھ آبادی رہے گی جبکہ مارکا پورم ضلع میں آبادی 11.42 لاکھ متعین کی گئی ہے ۔ 2014 میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد نئی ریاست آندھراپردیش میں اضلاع کی از سر نو تشکیل جدید کی گئی اور فی الوقت اضلاع کی تعداد 26 ہوچکی ہے۔ حکومت مزید تین اضلاع کے قیام کے ذریعہ نظم و نسق پر بہتر کنٹرول کی تیاری کر رہی ہے ۔1
