کیسیس میں اضافہ پر جگن حکومت کا فیصلہ، دوپہر 12 بجے سے کرفیو کا نفاذ
حیدرآباد: آندھراپردیش کی جگن موہن ریڈی حکومت نے کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے چہارشنبہ سے کرفیو کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ 5 مئی سے آندھراپردیش میں دوپہر 12 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ دو ہفتوں کیلئے کرفیو میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش میں نائیٹ کرفیو پہلے سے جاری ہے تاہم کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کرفیو کے اوقات میں توسیع کی گئی ۔ حکومت کے احکامات کے مطابق صبح 6 تا دوپہر 12 بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی اور کرفیو کے دوران ضروری خدمات کو بحال رکھا جائے گا ۔ صبح 6 تا دوپہر 12 بجے تک دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام کے درمیان عوام کو خرید و فروخت کی اجازت رہے گی۔ سماجی فاصلہ کے ساتھ خریداری کو یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے مسئلہ پر عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کی جائے۔