آندھراپردیش میں کسانوں کیلئے علحدہ پولیس اسٹیشن کا قیام

   

مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے حکومت کی پہل
حیدرآباد: آندھراپردیش حکومت نے کسانوں کیلئے ہر ضلع میں علحدہ پولیس اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسانوں کے مسائل کی بآسانی یکسوئی ہوسکے۔ حکومت نے موجودہ پولیس اسٹیشنوں میں کسانوں کیلئے علحدہ ہیلپ ڈیسک پہلے ہی قائم کردیا ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وزیر داخلہ چیف سکریٹری و دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں کسانوں کیلئے علحدہ پولیس اسٹیشنوں کے قیام کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں کو پیداوار کی فروخت کے موقع پر اکثر دھوکہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایسے میں پولیس کے ذریعہ انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں جس طرح خواتین کیلئے علحدہ ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے، اسی طرح کسانوں کے لئے ہیلپ ڈیسک موجود رہے گا۔ انہوں نے رعیتو بھروسہ مراکز اور پولیس کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ موجودہ پولیس اسٹیشنوں میں ہیلپ لائن سنٹر کے اثر انداز نہ ہونے کی صورت میں چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے علحدہ پولیس اسٹیشن کی تجویز پیش کی ۔