خانگی ہاسپٹلس میں رعایتی شرحوں پر علاج کی سہولت
حیدرآباد: آندھراپردیش کی جگن موہن ریڈی حکومت نے کورونا سے متاثرہ غریب خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت کورونا کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے جی او ایم ایس 77 جاری کیا گیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ صحت ڈاکٹر کے ایس جواہر ریڈی کے احکامات کے مطابق حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں آروگیہ شری کے تحت مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے خانگی شعبہ میں بہتر علاج کی سہولتوں کو یقینی بنانے ٹکنیکل کمیٹی تشکیل دی جس میں حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر ڈاکٹر وائی ایس آر آروگیہ شری اسکیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکومت کے منظورہ ہاسپٹلس کو آروگیہ اسکیم کی فہرست میں شامل کریں تاکہ عوام کا مفت علاج ہوسکے۔ ٹکنیکل کمیٹی نے حکومت کو جو سفارشات پیش کی ہے ، اس کے تحت خانگی ہاسپٹلس میں کورونا کے علاج کیلئے مختلف شرحوں کا تعین کیا گیا۔ کورونا کے ابتدائی علامات کے حامل مریض سے علاج پر روزانہ 3250 روپئے وصول کئے جائیں گے۔ اگر کسی نان آروگیہ شری ہاسپٹل میں مریض خانگی روم میں قیام کرنا چاہے تو اس کے لئے 600 روپئے زائد وصول کئے جاسکتے ہیں۔ وینٹی لیٹر اور
NIV
کے بغیر آئی سی یو کا روزانہ خرچ 5480 روپئے مقرر کیا گیا۔ این آئی وی کے ساتھ آئی سی یو میں روزانہ 5980 ، وینٹی لیٹر کے ساتھ آئی سی یو میں روزانہ 9580 روپئے چارج کئے جائیں گے ۔ چارجس میں پی پی ای، مختلف ٹسٹ ، ادویات اور غذا شامل رہے گی۔ حکومت نے خانگی ہاسپٹلس کو کووڈ۔19 کے علاج کے لئے مختلف زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ کسی خانگی لیاب اور آئی سی ایم آر کے منظورہ لیاب میں کورونا ٹسٹ کیلئے 2400 روپئے وصول کئے جائیں گے۔ حکومت نے ہاسپٹلس کیلئے بستروں کی فراہمی اور مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی گائیڈ لائینس جاری کئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ آروگیہ شری اسکیم اور حکومت کی جانب سے طئے کردہ شرحوں پر عمل آوری کی نگرانی کریں ۔