آندھراپردیش میں 10 جنوری کو حج قرعہ اندازی

   

3140 درخواستیں وصول، پہلی مرتبہ وجئے واڑہ سے پروازیں
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں حج 2020 ء کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 10 جنوری کو منعقد ہوگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشا نے بتایا کہ کڑپہ کے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں شام 4.30 بجے قرعہ اندازی ہوگی ۔ مقامی درخواست گزاروں کے علاوہ ضلع حج سوسائٹیوں کے نمائندے اس موقع پر موجود رہیں گے ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کو جملہ 3140 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں دو سال سے کم عمر کے 7 شیرخوار شامل ہیں۔ 70 سال سے زائد عمر کے 88 افراد نے درخواست داخل کی جنہیں قرعہ اندازی کے بغیر راست منتخب کرلیا جائے گا۔ اننت پور میں 364 ، مشرقی گوداوری 73 ، چتور 394 ، گنٹور 400 ، کڑپہ 438 ، کرشنا 237 ، کرنول 703 ، نیلور 219 ، پرکاشم 132 ، سریکا کلم 5 ، وشاکھاپٹنم 104 ، وجئے نگرم 19 اور مغربی گوداوری میں 47 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر کے مطابق 2621 عازمین حج وجئے واڑہ ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔ 125 عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی جبکہ بنگلور ایرپورٹ سے 394 عازمین کی روانگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے لئے مختص کردہ کوٹہ سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس کے سبب قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا ۔ حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ یہ قرعہ اندازی آن لائین رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ آندھراپردیش کے عازمین حج وجئے واڑہ سے پرواز کریں گے اور حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے آندھراپر دیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوتے رہے۔