آندھراپردیش میں 16 اگست سے اسکولوں کی کشادگی

   

جائزہ اجلاس کے بعد چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔7 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے 16 اگست سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 12 جولائی سے تمام اسکولوں میں آن لائین کلاسس کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے محکمہ تعلیم سے متعلق جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 15 اگست سے قبل تمام ٹیچرس کی ٹیکہ اندازی مکمل کرلی جائے ۔ چیف منسٹر نے اسکولی طلبہ سے متعلق حکومت کی اسکیم جگن انا ودیا کنوکا پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ جگن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال سے متعلق حکومت جاریہ ہفتہ اہم فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 15 جولائی تا 15 اگست تک اساتذہ کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسکول میں بنیادی انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی دستیاب رہیں، اس کے لئے حکام کو کوشش کرنی چاہئے ۔ جگن نے کہا کہ ایک بھی اسکول بند نہ کیا جائے اور نہ ایک بھی ٹیچر کی خدمات ختم نہ کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 15 اگست کے بعد اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ کے مطابق عہدیداروںکو ابھی سے تیاریوں کا آغاز کرنا چاہئے ۔