آندھراپردیش میں 21 ڈسمبر کو پلس پولیو پروگرام

   

مختلف مقامات پر بوتھس کا قیام، وزیر صحت ستیہ کمار کا بیان
حیدرآباد 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر صحت ستیہ کمار نے کہاکہ 21 ڈسمبر کو پلس پولیو ڈراپس پروگرام کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں 61.26 لاکھ خوراکیں بھیجی گئی ہیں تاکہ ریاست بھر کے 38,267 بوتھ میں پانچ سال سے کم عمر کے 54,07,663 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاسکیں۔ انھوں نے کہاکہ بس اسٹیشنوں، ریلوے اسٹیشنوں، ہوائی اڈوں، میلوں، بازاروں اور سیاحتی مقامات پر 1140 بوتھس بنائے گئے ہیں۔ انھوں نے واضح کیاکہ 21 ڈسمبر کو پولیو ڈے کے موقع پر بوتھ لیول پر 22 اور 23 ڈسمبر کو 76 ہزار 534 ٹیمیں گھر گھر جاکر ایسے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی ۔ انھوں نے کہاکہ اس پروگرام میں 1704 میڈیکل آفیسرس، 39,494 دیگر عملہ اور 4206 سوپروائزرس شرکت کریں گے۔ وزیر نے کہاکہ 1854 موبائیل ٹیمیں قبائل، تعمیراتی مقامات، اینٹوں کے میدانوں اور دیگر نقل مکانی کرنے والے علاقوں کا احاطہ کرنے کے لئے کام کریں گی۔ انھوں نے کہاکہ ہر موبائیل ٹیم میں ایک میڈیکل آفیسر اور دو ممبران ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ ٹیمیں 21، 22 اور 23 ڈسمبر کو بس اسٹانڈس، ریلوے اسٹیشنس، ایرپورٹس، بڑے دواخانوں، میلوں اور بازاروں کا دورہ کریں گی۔ (ش)