7 اضلاع کے تمام درخواست گزار منتخب، حکومت کی جانب سے مالی امداد کا پیشکش
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2020 ء کیلئے آندھراپردیش میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 2754 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا جبکہ 88 عازمین حج کو محفوظ کوٹہ کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر منتخب قرار دیا گیا ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کو جاریہ سال جملہ 3147 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 2842 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا جس میں سے 88 محفوظ زمرہ کی نشستیں منہا کرتے ہوئے 2754 کیلئے قرعہ اندازی کی گئی ۔ ویٹنگ لسٹ میں 210 کور نمبرس رکھے گئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشا نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت عازمین حج کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ سالانہ تین لاکھ سے کم آمدنی والے عازمین کو 60,000 جبکہ تین لاکھ سے زائد سالانہ آمدنی رکھنے والے عازمین کو 30,000 روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی عازمین حج کے بہتر انتظامات کی ہدایت دے چکے ہیں۔ عازمین حج کی سہولت کیلئے ٹول فری نمبر رکھا جائے گا اور وجئے واڑہ میں کال سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے بتایا کہ 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا۔ آندھراپردیش میں 13 اضلاع کے منجملہ صرف 6 اضلاع کے لئے قرعہ اندازی کی گئی جن میں چتور ، کڑپہ ، کرنول ، مشرقی گوداوری ، وشاکھاپٹنم اور وجئے نگرم شامل ہیں۔ باقی 7 اضلاع میں موصولہ تمام درخواستیں منتخب قرار دی گئیں کیونکہ ان اضلاع کیلئے الاٹ کردہ کوٹہ سے کم درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وجئے واڑہ ایرپورٹ سے 2621 عازمین حج پرواز کریں گے جبکہ حیدرآباد سے 125 اور بنگلور سے 394 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی ۔