آندھراپردیش میں 3 ہزار سے زائد شراب کے دکانات کا لاٹری سے الاٹمنٹ

   

حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں نئی شراب پالیسی کے تحت 3396 شراب کی دکانوں کا الاٹمنٹ لاٹری کے ذریعہ انجام پایا۔ 3396 شراب کی دکانات کیلئے محکمہ ایکسائز کو 89880 درخواستیں ملیں۔درخواستوں کے ساتھ ناقابل ادائیگی فیس سے حکومت 1797.64 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ پرنسپل سکریٹری ریونیو مکیش کمار مینا کے مطابق حکومت کو 6 اقساط میں شراب دکانات کے لائسنس سے سالانہ 2084 کروڑ کی آمدنی ہوگی۔ پہلی قسط کے طور پر حکومت کو 335کروڑ کی آمدنی متوقع ہے۔ عہدیداروں کے مطابق 48 فیصد درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں جبکہ 11 اکٹوبر ادخال کی آخری تاریخ تھی۔ 12 اور 13 اکٹوبر کو درخواستوں کی جانچ کی گئی اور پیر کے دن لاٹری کے ذریعہ الاٹمنٹ کیا گیا۔ ضلع کلکٹرس اور ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی موجودگی میں شراب کی دکانوں کا الاٹمنٹ کیا گیا۔ جن تاجروں کو دکانیں الاٹ کی گئیں انہوں نے آج سے اپنے کاروبار کا آغاز کردیا ہے۔ آندھراپردیش حکومت کو شراب کے لائسنس فیس اور فروخت سے سالانہ 20 ہزار کروڑ کی آمدنی متوقع ہے۔ 1