حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش وقف بورڈ نے متولی زمرے کی نشست کے لیے انتخابات منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود و الیکشن اتھاریٹی محمد امتیاز نے الیکشن نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت سالانہ ایک لاکھ روپئے اور اس سے زائد کی آمدنی رکھنے والے متولی وقف بورڈ کی رکنیت کے لیے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ متولی زمرے کے لیے یکم ستمبر سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 5 ستمبر تک دفتر کمشنر میناریٹیز ویلفیر تاڑے پلی ضلع گنٹور میں پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ الیکشن آفیسر کو پرچہ جات پیش کرنے ہوں گے۔ 5 ستمبر شام 5:30 بجے پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 7 ستمبر شام 5 بجے تک پرچہ جات واپس لئے جاسکتے ہیں۔ متولی رکن کے انتخاب کے لیے رائے دہی 9 ستمبر کو صبح 11 تا شام 4 بجے شاہ ظہور مسافر خانہ وجئے واڑہ میں ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام 5 بجے عمل میں آئے گی اور نتیجے کا اعلان کیا جائے گا۔
