آندھراپردیش کو حاصل کردہ ایوارڈس کیلئے گیلری کا افتتاح

   

حکومت کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ، چیف منسٹر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مختلف محکمہ جات کی بہتر و شاندار کارکردگی حاصل کردہ ایوارڈز کو محفوظ رکھنے کیلئے قائم کردہ گیلری کا آج افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم حکومت میں گذشتہ چار سال کے دوران مختلف محکمہ جات کو جملہ 670 ایوارڈز حاصل ہوئے ۔ یہ ایوارڈس ریاستی حکومت کی شاندار کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کے تعلق سے مرکزی حکومت کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات اور کی جانیو الی تنقیدوںپر یہ ایوارڈز ہی ان تمام کا موثر جواب ہیں ۔ چیف منسٹر جنہوں نے ایوارڈز کے مشاہدہ کیلئے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں گیلری کا افتتاح کیا بتایا کہ ’’ ایز آف ڈوئینگ‘‘ میں آندھراپردیش کو گذشتہ دو سال سے ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہے ۔ مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں غریب افراد کی خوشیوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ جبکہ معاشی اصلاحات کے فوائد غریب عوام کو پہونچایا جائے ۔ ریاست میں غریب عوام کی معیار زندگی میں بہتری پیدا کرنا ہے حکومت کا اہم مقصد ہے ۔ قبل ازیں قومی صدر تلگودیشم چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی و تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال واقعہ پر مرکزی حکومت کے اقدامات کی ہر کسی نے ملک کے تمام گوشوں سے سخت مذمت کی لیکن جگن موہن ریڈی اور کے چندر شیکھر راؤ نے ہی اپنے کسی ردعمل کا اظہار کرنے سے گریز کیا ۔