حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت کی نئی رجسٹریشن پالیسی کے خلاف ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ کرشنا ضلع سے تعلق رکھنے والے شیورام پرساد نامی شخص نے مفاد عامہ کی درخواست میں شکایت کی ہے کہ نئی رجسٹریشن پالیسی دراصل رجسٹریشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نہ تجربہ کار سکریٹری حکومت کے ذریعہ نئی رجسٹریشن پالیسی تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش حکومت نے حال ہی میں آن لائین رجسٹریشن کی پالیسی کا اعلان کیا ہے ۔ اس پالیسی کے تحت 15 ستمبر کے بعد رجسٹریشن صرف آن لائین کیا جاسکے گا۔ حکومت کے اس فیصلہ پر ڈاکیومنٹ رائٹرس کی جانب سے سخت اعتراض کیا گیا اور وہ احتجاج کر رہے ہیں۔ان کا مطالبہ ہے کہ آن لائین کے علاوہ سابقہ رجسٹریشن سسٹم کو بحال کیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ آن لائین رجسٹریشن بینکوں سے قرض کے حصول اور دیگر امور میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا ۔