آندھراپردیش کے انکاپلی میں پٹاخے کے کارخانہ میں آگ، 8 افراد ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے انکا پلی ضلع میں پٹاخے بنانے والے کارخانے میں زبردست آگ لگی جس کے نتیجہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو وشاکھاپٹنم کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر کافی مشقت کے بعد قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔ مہلوکین میں 45 سالہ تاتابابو، 45 سالہ یادی گووند، 38 سالہ رامالکشمی، 38 سالہ نرملا، 40 سالہ پاپیا، بابو راؤ اور 30 سالہ منوہر، وینو بابو شامل ہیں۔ یہ تمام پٹاخے کی فیاکٹری میں کام کررہے تھے کہ اچانک آگ لگی اور اس کی زد میں آ کر ان کی موت ہوگئی۔ ضلع کلکٹر وجئے کرشنن نے دواخانہ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ان کا بہتر علاج کرنے کی ہدایت دی۔ اطلاع کے بموجب پٹاخوں کی تیاری کے دوران زوردار دھماکہ ہوا اور فیاکٹری میں 15 مزدور کام کررہے تھے جن میں 8 افراد کی موت ہوگئی۔ دھماکہ کی وجہ سے پوری فیاکٹری زمین دوز ہوگئی۔ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ضلع کلکٹر نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ش