شراب پالیسی کے ضمن میں اہم دستاویزات ضبط
حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی سابق وائی ایس آر حکومت سے قربت رکھنے والے عہدیداروں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ جگن موہن ریڈی حکومت کی جانب سے چندرابابو نائیڈو اور دیگر تلگودیشم قائدین کے خلاف درج کئے گئے مقدمات سے متعلق محکمہ جات اور اُن کے عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ سابق حکومت کے کئی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں لہذا نئی حکومت نے جائزہ حاصل کرنے سے پہلے ہی عہدیداروں اور دفاتر پر پولیس کو تعینات کردیا ہے۔ اِسی دوران آندھراپردیش بیوریجس کارپوریشن کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر واسودیو ریڈی کی قیامگاہ پر سی آئی ڈی نے دھاوا کیا۔ آندھراپردیش سی آئی ڈی نے حیدرآباد کے نانک رام گوڑہ میں واقع واسودیو راؤ کی قیامگاہ پر آج صبح دھاوا کرتے ہوئے کئی اہم دستاویزات کو تحویل میں لیا ہے۔ جگن موہن ریڈی دور حکومت میں شراب اسکام میں واسودیو ریڈی کے ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ اُنھوں نے حکومت کے قریبی افراد اور شراب کے تاجروں کے درمیان اہم رول ادا کیا تھا۔ نئی اکسائز پالیسی کی تیاری میں اُن کا اہم رول رہا۔ 1