گذشتہ جولائی تا آئندہ جولائی کیلئے 20 فیصد ادائیگی، کابینہ میں فیصلہ، چیف منسٹر کا اقدام
حیدرآباد ۔ 9 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس وغیرہ کیلئے 20 فیصد عبوری راحت فراہم کرنے کی خوشخبری دی ہے اور یہ عبوری راحت گذشتہ 21 جولائی سے حساب کرکے آئندہ ماہ جولائی میں ادائیگی عمل میں لانے کا ریاستی کابینہ میں فیصلہ کیا۔ علاوہ ازیں ریاست میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ ملازمین، لکچررس وغیرہ کو فائدہ پہنچانے کے بھی بعض فیصلے کئے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اسی دوران وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ اور وزیراطلاعات و تعلقات عامہ کے سرینواسلو نے کابینہ کے فیصلوں سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں محکمہ پرائمری و اعلیٰ تعلیم میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ اساتذہ، لکچررس کے ساتھ ساتھ انٹرمیڈیٹ، کے جی بی وی، یونیورسٹیوں وغیرہ میں کام کرنے والوں کیلئے ٹائیم اسکیل قابل عمل ہوگا۔ کنٹراکٹ لکچررس کو ماسواء دس یوم بارہ ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کے علاوہ میٹرنٹی رخصت دینے سے بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو 60 سال عمر تک برقرار رکھنے کا کابینہ میں فیصلہ کیا گیا اور کنٹراکٹ ملازم کی حادثاتی موت واقع ہونے پر 5 لاکھ روپئے اور اتفاقی طور پر موت واقع ہونے کی صورت میں دو لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں آوٹ سورسنگ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو بھی حادثاتی موت پر پانچ لاکھ روپئے اور اتفاقی عام نوعیت کی موت واقع ہونے پر دو لاکھ روپئے دینے کے علاوہ خاتون ملازمین کو میٹرنٹی رخصت کے ساتھ ساتھ تمام کو ہیلت کارڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سال 1998ء تا 2008ء ڈی ایس سی نوٹیفکیشن کی روشنی میں منتخبہ امیدوار ملازمتوں کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے اور دفاتر کے چکر کاٹنے والے امیدواروں کے ساتھ انصاف کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ضلع کڑپہ میں واقع فاطمہ میڈیکل کالج کا دیرینہ حل طلب تنازعہ کی بھی یکسوئی کرتے ہوئے گذشتہ تین سال سے جاری احتجاج کو ختم کردیا گیا اور اس کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے 43 طلباء کو دو سال کی فیس رقم ادا کرنے کا بھی حکومت نے فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ فاطمہ میڈیکل کالج کے مسئلہ پر ریاستی وزیر میڈیکل ایجوکیشن و اقلیتی بہبود جناب این محمد فاروق نے چیف منسٹر چندرا بابو کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے بات چیت کی اور دو سال کی فیس رقومات 13 کروڑ روپئے جاری کرنے کی خواہش کی جس پر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر 13 کروڑ روپئے جاری کرنے کی ہدایات دیں۔