آندھراپردیش کے صحافیوں کو امکنہ جات فراہم کرنے کا تیقن

   

حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت ریاستی حکومت میں تمام اہل جرنلسٹوں کو اگادی تہوار تک اراضی امکنہ جات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور ٹرانسپورٹ پی نانی نے اس بات کا تیقن دیا۔ وجئے واڑہ پریس کلب میں منعقدہ ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ غریبوں کو دی جانے والی اراضی سے بھی کافی زیادہ اراضی امکنہ جرنلسٹوں کو مختص کی جائے گی۔ وزیر نے سابق تلگودیشم حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سابق حکومت میں جرنلسٹوں کو اراضی امکنہ فراہم کرنے کا اعلان کرکے صرف خوش کن تیقن دیا تھا لیکن وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت حکومت جرنلسٹوں اور اراضی امکنہ فراہم کرکے عملی اقدامات کر دکھائے گی۔ آندھراپردیش کے جرنلسٹوں کے دیرینہ خواب کو پورا کرے گی۔ مسٹر نانی نے اس موقع پر جرنلسٹوں کیلئے روبہ عمل لائی جانے والی بیمہ اسکیم کو فی الفور تجدید کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں جرنلسٹوں پر پیش آئے حملوں کے واقعات کی عاجلانہ تحقیقات کی پیشرفت کے تعلق سے وزیرداخلہ سے بات چیت کرکے مؤثر اقدامات کرنے کا وزیر موصوف نے تیقن دیا۔