ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے وداع کیا،آئندہ سال سے وجئے واڑہ سے پروازیں
حیدرآباد۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا آج سے آغاز عمل میں آیا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج 342 عازمین حج کا پہلا قافلہ آج سہ پہر 3 بجے ایر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ جدہ کیلئے روانہ ہوا۔ آندھراپردیش کے 1412 عازمین حج 5 قافلوں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے حج ہاؤز نامپلی سے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج ٹرمنل شمس آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ گنٹور کے رکن اسمبلی ایس ایم ڈی مصطفیٰ ، کرنول کے رکن اسمبلی محمد عبدالحفیظ خاں، صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، وائی ایس آر کانگریس قائد اور سابق انسپکٹر جنرل شیخ محمد اقبال ، سکریٹری وائی ایس آر کانگریس ایچ آر رحمن ، صدر اقلیتی سیل قادر باشاہ ، مفتی فاروق ، اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی تاج الدین عارف ، اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے عازمین حج کے مسائل پر توجہ نہیں دی تھی۔ تلگو دیشم حکومت نے امراوتی میں حج ہاؤز کی تعمیر کا دعویٰ کیا لیکن عملی طور پر عازمین حج کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر سی پی حکومت مناسب جگہ پر عالیشان حج ہاؤز تعمیر کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال سے تلنگانہ کے عازمین وجئے واڑہ ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ آندھراپردیش کی ترقی اور چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کے حق میں خصوصی دعا کریں۔ ارکان اسمبلی ایم ڈی مصطفیٰ اور عبدالحفیظ خاں نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران اپنا وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر حکومت تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عازمین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں سے وہ عازمین حج کی خدمت کا تجربہ رکھتے ہیں۔
