آندھراپردیش کے غیر قانونی پراجکٹ کے خلاف تلنگانہ حکومت کی نمائندگی

   

حیدرآباد: آندھراپردیش حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر تعمیر کئے جارہے رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ پر اعتراض کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب پر کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے کارروائی کی ہے۔ بورڈ نے آندھراپردیش حکومت کو ہدایت دی ہے کہ پراجکٹ کے تعمیری کام فوری طور پر روک دیئے جائیں۔ تلنگانہ حکومت نے بورڈ کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ نیشنل گرین ٹریبونل نے فروری میں احکامات جاری کرتے ہوئے رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹس کی تعمیر روکنے کی ہدایت دی تھی ، باوجود اس کے آندھراپردیش حکومت تعمیری کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکومت نے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کی کمیٹی کو پراجکٹ کے معائنہ کی اجازت نہیں دی۔ ٹریبونل نے واضح کردیا کہ پراجکٹ کے بارے میں مکمل رپورٹ کی پیشکشی کے بعد ہی تعمیری کاموں کی جاری رکھنے کے بارے میں اجازت دی جائے گی۔