آندھراپردیش کے ڈگری امتحانات میں بار کوڈ نگ طریقہ کار متعارف

   

نتائج کی اجرائی میں بھی مفید ، وائس چانسلر آندھر ایونیورسٹی پروفیسر پرساد ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش کے یونیورسٹیوں بالخصوص آندھرا یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات میں پہلی مرتبہ بار کوڈنگ طریقہ کار کو متعارف کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وائس چانسلر آندھرا یونیورسٹی پروفیسر پرساد ریڈی نے اس بات کا آج انکشاف کیا ۔ اور 17 اکٹوبر سے شروع ہونے والے ڈگری سمسٹر امتحانات کا آغاز ہونے کے پیش نظر تمام طلباء و طالبات کو وائس چانسلر نے مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں امتحانی طلباء کو فراہم کئے جانے والے جوابی بیاض پر پہلی مرتبہ اسپیشل بار کوڈ کو طبع کیا جائے گا اور بک لسٹ پر طلباء و طالبات کے نام کے علاوہ بار کوڈ طبع کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں امتحانی پرچوں کی جانچ کے عمل میں مزید تیزی پیدا کرنے کیلئے اور فوری طور پر نتائج فراہم کرنے میں یہ طریقہ کار انتہائی ممد و معاون اور مددگار اور فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ طلباء و طالبات کو کسی بھی نوعیت کی مشکلات وغیرہ پیش نہ آنے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر پرساد ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ امتحانات کے انعقاد میں یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرکے کسی طرح کی بھی اجتماعی نقل نویسی کی ہمت افزائی کرنے اور پرچہ جات سوالات کے لیکیج وغیرہ جیسے واقعات میں ملوث پائے جانے والے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے بلکہ فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کالجوں کی نشاندہی کرکے کالجوں کے مسلمہ موقف کو کم از کم دس سال کیلئے منسوخ کرنے (مسلمہ حیثیت کو معطل رکھنے ) کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ حساس و مسائل پائے جانے والے امتحانات مراکز کی ابھی سے ہی نشاندہی کی گئی اور ان امتحانی مراکز پر خصوصی نگاہ اور توجہ مرکوز کی جائے گی ۔