آندھراپردیش کے کسانوں کی زنجیری بھوک ہڑتال 30ویں دن میں داخل

   

حیدرآباد16جنوری(یواین آئی) دارالحکومت کے طورپر امراوتی کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے آندھراپردیش کے کسانوں کی زنجیری بھوک ہڑتال 30 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔دارالحکومت امراوتی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسان اور دوسرے ،ریاست کے تین دارالحکومتوں کی حکومت کی تجویز کے خلاف یہ زنجیری بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ امراوتی کے مندڈم،تُلورو کے کسانوں نے مہادھرنا دیا جبکہ ویلگاپوڑی،کرشنیاپالیم علاقہ کے کسانوں نے زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔اس موقع پر کسانوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ایک ماہ سے خواتین،کسان،نوجوان،طلبہ کی جانب سے کی جارہی زنجیری بھوک ہڑتال پر ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے ۔تین دارالحکومتوں کی تجویز ناقابل فہم ہے ۔ان احتجاجیوں نے امراوتی کو ہی ریاست کے دارالحکومت کے طورپر برقرار رکھنے کامطالبہ کیا۔