آندھرا سے احمد نگر گانجہ منتقلی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

   

ڈی سی ایم اور 300 کیلو گانجہ ضبط، انجنی کمار کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھرا سے احمد نگر گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو حیدرآباد سٹی پولیس نے بے نقاب کردیا اور 2 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 300 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ یہ گانجہ ریاست آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم سے احمدنگر مہاراشٹرا منتقل کیا جارہا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ڈی سی ایم گاڑی کو بھی ضبط کرلیا اور ملزمین کے فون ضبط کرلئے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ بات سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے ایک کارروائی میں ملک پیٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گانجہ منتقلی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ ولاس بہو صاحب ڈوھلکانے اور 26 سالہ ڈی موہت ساکنان تھانے اورنگ آباد مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس گاڑی میں ان افراد نے 6 مرتبہ گانجہ کی اسمگلنگ کی تھی اور ہر مرتبہ 400 تا 600 کیلو گانجہ منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بڑے ریاکٹ میں مقامی کسانوں کا بھی رول ہے اور ٹرانسپورٹرس کو بھی شک کے دائرہ میں لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ظہیرآباد کے علاقہ میں چند افراد سے ان ملزمین کے تعلقات پائے جاتے ہیں جو شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر بڑے شہروں میں گانجہ منتقل کرتے ہیں۔ پولیس گرفتار افراد کے موبائیل ڈاٹا کی جانچ میں جٹ گئی ہے اور مزید رابطہ اور تحقیقات سے دیگر افراد کا شبہ چلایا جائے گا۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ع