آندھرا میں نئی شراب پالیسی ‘ شراب کی دوکانیں 9 بجے شب بند ہوجائیں گی

   

وجئے واڑہ 28 ستمبر ( این ایس ایس ) شراب پر امتناع کے اپنے انتخابی وعدہ کو پورا کرتے ہوئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش میں یکم اکٹوبر سے نئی شراب پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور یکم اکٹوبر سے ریاست میں مکمل نشہ بندی ہوگی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر اکسائز و کمرشیل ٹیکسیس کے نارائنا سوامی نے کہا کہ شراب کی تمام دوکانیں 9 بجے شب بند ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی شراب کی 475 دوکانوں کو بیوریجس کارپوریشن کے تحت لے لیا گیا ہے اور حکومت موجودہ دوکانو ںکا بھی بہت جلد کنٹرول حاصل کرلے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 3,500 سرکاری اسٹورس کھولنے کی تجویز بھی ہے جہاں سے شراب فروخت کی جائے گی ۔ اے پی بیوریجس کارپوریشن ان دوکانات کی نگرانی کریگا ۔ اب تک 3,448 دوکانیں لیز پر حاصل کی گئی ہیں۔ شراب کی دوکانیں 10 بجے دن سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تعلق سے بتایا کہ ان دوکانوں کی نگرانی اور کام کاج کیلئے 3500 سپروائزرس اور 8 ہزار سے زائد سیلس مین کا تقرر بھی عمل میں لایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شراب کی دوکان کیلئے ایک پولیس عہدیدار رہے گا اور ہر دوکان میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے علم میں اکسائز عملہ کی کمی کا مسئلہ بھی لایا گیا تھا اور 678 کانسٹیبلوں کے تقررات کی تجویز پیش کی گئی جس پر چیف منسٹر نے اثباتی رد عمل ظاہر کیا ہے ۔