حیدرآباد ۔9اکٹوبر ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے آندھراپردیش اسمبلی کے سابق اسپیکر کوڈلا شیوا پرساد راؤ کے بیٹے کا بیان قلمبند کیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم آندھراپردیش کے ضلع گنٹور پہنچ کر منگل گری کی عدالت میں سابق اسپیکر کے بیٹے کرشنا کا بیان قلمبند کیا ۔ واضح رہے کہ 16ستمبر کو کے شیوا پرساد راؤ نے اپنے بنجارہ ہلز کے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی تھی جس پر ان کی بیٹی پی وجئے لکشمی نے یہ الزام عائدکیا تھا کہ ان کے والد کو وائی ایس آر کانگریس حکومت بیجا مقدمات میں ماخوذ کیا ہے اور ان سے سیاسی مخاصمت لی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں انہوں نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ تحقیقاتی ٹیم نے منگل گری پہنچ کر سابق اسپیکر کے بیٹے کرشنا سے بعض سوالات کئے ۔ ضلع گنٹور کے تلور پولیس اسٹیشن نے سابق اسپیکر اور ان کے بیٹے کے خلاف اسمبلی کے فرنیچرس اورکمپیوٹرس کا بیجا استعمال کا ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ سابق اسپیکر کی خودکشی کے بعد پولیس بنجارہ ہلز نے مشتبہ حالت میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور نعش کے پوسٹ مارٹم کے بعد یہ نتیجہ پر پہنچے کہ کوڈیلا شیوا پرساد راؤ نے کیبل وائر کے ذریعہ پھانسی لے کر خودکشی کی ہے ۔