آندھرا پردیش : تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع نہیں: وزیر تعلیم

   

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ کی طرح آندھرا پردیش میں بھی تعلیمی اداروں کو تعطیلات میں توسیع کے سلسلہ میں طلبہ اور سرپرست پرامید تھے لیکن وزیر تعلیم اے سریش نے واضح کردیا کہ تعطیلات میں توسیع کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ وزیر تعلیم نے گنٹور ضلع کے ضلع پریشد ہائی اسکول کے 75 سال کی تکمیل پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں نے تلنگانہ کی طرح آندھرا پردیش میں بھی تعطیلات میں توسیع کے بارے میں سوال کیا جس پر وزیر تعلیم نے کہا کہ توسیع سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ پر محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مقررہ پروگرام کے مطابق کل سے تعلیمی اداروں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعطیلات میں توسیع سے متعلق سوشیل میڈیا میں خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو کی شرح 13.87 فیصد درج کی گئی جس کے نتیجہ میں طلبہ و سرپرست توسیع کی مانگ کررہے ہیں لیکن وزیر تعلیم نے صاف لفظوں میں تعطیلات میں توسیع کی تردید کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران آندھرا پردیش میں ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح کورونا کیسس میں اضافہ درج کیا گیا۔ر