آندھرا پردیش حج کمیٹی کے چیئرمین کے لیے جناب شیخ حسین باشاہ متفقہ طور پر منتخب

   

وجے واڑہ 30 ۔ اپریل ( راست ) ۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ حج ہاؤس کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے آج کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس حج کمیٹی کے اجلاس ہال، بینڈر روڈ وجے واڑہ میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب شیخ محمود غوث پیر نے کی۔کمیٹی کے کل 13 ارکان میں سے 10 ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا نئے چیئرمین کا انتخاب تھا۔ اس موقع پر جناب شیخ حسین کا نام بطور چیئرمین تجویز کیا گیا، جس کی حمایت ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیئر آفیسر و رکن حج کمیٹی، جناب مرزا عابد حسین بیگ نے کی۔ ان کی اس تجویز کو دیگر تمام موجود ممبران نے متفقہ طور پر منظور کیا۔چیئرمین کے طور پر جناب شیخ حسین باشاہ کے انتخاب پر تمام ارکان نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی مزید فعال، شفاف اور خدمتِ حجاج کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرے گی۔اجلاس پْرامن اور ضابطہ کار کے مطابق منعقد ہوا، جس کے آخر میں دعائیہ کلمات اور نیک تمناؤں کے ساتھ نو منتخب چیئرمین کو مبارکباد پیش کی گئی۔