جگن حکومت کا منفرد فیصلہ، فی عازم 80 ہزار روپئے کی امداد
حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے عازمین حج کے سفری اخراجات کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے فی کس 80 ہزار روپئے کی مالی امداد کی۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی کے 9 ارکان کو فریضہ حج کی سعادت کیلئے روانہ کیا جارہا ہے تاکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران آندھرا پردیش کے عازمین کی رہنمائی کرسکیں۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عازمین کے پہلے قافلہ کو وداعی کیا اور عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے دعاؤں کی اپیل کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ کے مطابق گناورم امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کے سفری اخراجات میں دیگر مقامات کے مقابلہ 80 ہزار روپئے زائد بوجھ کی اطلاع ملنے پر چیف منسٹر نے فی عازم 80 ہزار روپئے حکومت کی جانب سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور مجموعی طور پر 14.31 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ عازمین کے اکاؤنٹ میں فی کس 80 ہزار روپئے جمع کئے گئے جو ملک کی کسی بھی ریاست میں پہلا اور منفرد خیرسگالی اقدام ہے۔ امجد باشاہ نے کہا کہ گذشتہ 4 برسوں میں اقلیتی بہبود پر 22000 کروڑ خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے ہمراہ آندھرا پردیش حج کمیٹی کے 9 ارکان کو بھی روانہ کیا گیا جارہا ہے۔ کمیٹی میں شامل سرکاری عہدیداروں کے علاوہ غیر سرکاری تمام 9 ارکان فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں حج کمیٹی کے ارکان کو بھی عازمین کے ساتھ روانہ کیا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش سے جملہ 1777 عازمین حج روانہ ہورہے ہیں جبکہ 54 آندھرا کے عازمین حیدرآباد سے پرواز کریں گے۔ر