ضلع سوریا پیٹ ریڈ زون میں،ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا انکشاف
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہاکہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے تاہم حکومت نے احتیاطی اقدامات میں کوئی کوتاہی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر برقی نے بتایا کہ نلگنڈہ ضلع آرینج جبکہ یادادری گرین زون میں ہے۔ ریڈ زون میں موجود سوریا پیٹ ضلع میں چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔ وزیر برقی نے بتایا کہ گزشتہ 12 دنوں سے سوریا پیٹ میں کورونا کا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا۔ ضلع میں 800 سے زیادہ کورونا ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے اس استدلال کو مسترد کردیا کہ کورونا ٹسٹ میں کمی کے سبب کیسس کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ وزیر برقی نے بتایا کہ جس کسی میں علامات پائی جائیں اسے آئسولیشن سنٹر منتقل کرکے ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا لاک ڈاؤن کے نفاذ میں مکمل تعاون حاصل ہے۔ دیگر ریاستوں سے آئے ورکرس کو آبائی مقامات منتقل کرنے کوشش کی جارہی ہے۔ آندھرا پردیش کی سرحد پر غیر مقامی ورکرس کی حمل و نقل کو تلنگانہ میں داخل ہونے سے روکنے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر موسمی بارش سے متاثرہ دھان کو حکومت سے خریدی کا انتظام کیا گیا ہے۔ دھان کی خریدی میں نلگنڈہ ریاست میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کریں کیونکہ کورونا وائرس سے پھیلاؤ کو روکنے کا یہ واحد ذریعہ ہے۔