وجئے واڑہ 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھرا پردیش حکومت نے ریاست میں اسکولس 3 اگسٹ سے دوبارہ کھول دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر اے پی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج منگل کو اسکولی تعلیم پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سماجی فاصلہ کے اصولوں کا خیال رکھتے ہوئے اسکولس دوبارہ کھولنے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے محکمہ تعلیم سے کہا کہ وہ تعطیلات کے وقفہ میں اسکولس کی تعمیر و مرمت کے کاموں کو ناڈو ۔ نیڈو اسکیم کے تحت مکمل کرنے پر توجہ دیں۔ ریاستی حکومت نے جملہ 15,751 اسکولس کو ناڈو ۔ نیڈو اسکیم کے پہلے مرحلہ میں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جگن نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے جملہ 456 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ ان سے اسکولس کی عمارتوں کی مرمت اور تزئین ہوگی ۔ چیف منسٹر نے ہر اسکول میں پلے گراونڈ ‘ لائبریری ‘ سائینس لیب ‘ کمپیوٹر لیباریٹری اور مناسب بیت الخلا کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔