حیدرآباد۔/14ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی حکومت نے اولڈ ایج پنشن کی رقم میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اولڈ ایج پنشن کے تحت فی الوقت ہر ماہ 2225 روپئے دیئے جاتے ہیں جبکہ حکومت نے یکم جنوری نئے سال سے پنشن کی رقم بڑھا کر 2500 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر نے یہ اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے ڈسمبر اور جنوری میں مختلف فلاحی اسکیمات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ 21 ڈسمبر کو امکنہ سے متعلق اسکیم جبکہ 9 جنوری کو ای بی سی نیستم اسکیم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت اعلیٰ طبقات کی غریب خواتین کی مدد کی جائیگی۔ 45 تا 60 سال عمر کی خواتین کو تین برسوں میں 45 ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ حکومت جنوری میں رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں میں امداد تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کسانوں کیلئے امدادی رقم کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ر