ڈی اویناش و دیگر سینئر قائدین وائی ایس آر کانگریس میں شامل
وجئے واڑہ 14 نومبر ( این ایس ایس ) تلگودیشم پارٹی اور اس کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کو آج اس وقت ایک بڑا دھکا لگا جب تلگودیشم کے یوتھ لیڈر دیوینینی اویناش نے تلگو یوتھ صدر کے عہدہ اور پارٹی رکنیت سے استعفی پیش کرتے ہوئے برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اویناش نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی موجودگی میں وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ سینئر تلگودیشم لیڈر کے بچی بابو نے بھی وائی ایس آر سی پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ چیف منسٹر اے پی نے دونوں قائدین کو پارٹی میں شامل کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اویناش نے اپنا استعفی کا مکتوب ریاستی تلگودیشم دفتر کو روانہ کردیا ۔ اس کے علاوہ بچی بابو نے بھی اپنا استعفی روانہ کردیا ۔ اویناش سابق وزیر آنجہانی دیوینینی نہرو کے فرزند ہیں جن کا 2017 میں دیہانت ہوگیا تھا ۔ گذشتہ چند دنوں سے یہ اشارے مل رہے تھے کہ اویناش پارٹی چھوڑ دیں گے کیونکہ وہ پارٹی قیادت سے ناراض تھے ۔