آندھرا پردیش میں جاب کیلنڈر کے خلاف طلبا تنظیموں کا احتجاج

   

امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں تاڑے پلی میں آج تلگو یوتھ ‘ ٹی این ایس ایف اور ایس ایف آئی نے مختلف یوتھ اور طلبا یونینوں کے ساتھ مل کر بیروزگار نوجوانوں کے حق میں مظاہرہ کیا اور جاب کیلنڈر کے خلاف احتجاج منظم کیا ۔ اس موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی ۔ پولیس نے ریلی کو تاڑے پلی قدیم ٹول گیٹ پر روک دیا اور احتجاجیوں کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ احتجاجیوں اور پولیس کے مابین لفظی تکرار بھی ہوئی ۔ پولیس کے انتباہ کے باوجود نوجوانوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی ۔ پولیس نے احتجاجیوں کے قائدین کو گرفتار کرکے گنٹور ضلع میں ایک پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا ۔ تقریبا 1000 پولیس اہلکار چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی قیامگاہ جانے والے راستے پر متعین کئے گئے تھے ۔