آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کی ایک نشست کے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری

   

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیانے آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کی ایک مخلوعہ نشست کے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مسٹر وجئے سائی ریڈی نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا جسے 25 جنوری کو قبول کرلیا گیا۔ اس نشست کی میعاد 21 جون 2028 تک ہے لہذا الیکشن کمیشن نے ضمنی چناؤ کا فیصلہ کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق 22 اپریل کو الیکشن نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور اُسی دن سے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے۔ 29 اپریل تک پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی مہلت رہے گی اور 30 اپریل کو جانچ ہوگی۔ 2 مئی تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں اور 9 مئی کو صبح 9 بجے تا سہ پہر 4 بجے رائے دہی ہوگی۔ اُسی دن شام 5 بجے رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں عددی طاقت کی بنیاد پر این ڈی اے اتحاد کو اس نشست پر کامیابی حاصل ہوگی۔1