آندھرا پردیش میں ریتو بھروسہ اسکیم کا آج آغاز

   

کسانوں کو سالانہ امداد کی رقم میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ : چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا فیصلہ

امراوتی 14 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر ریتو بھروسہ اسکیم کسانوں کیلئے شروع کرنے سے ایک دن قبل آندھرا پردیش حکومت نے آج فیصلہ کیا کہ کسانوں کے اکاونٹ میں سالانہ جمع کروائی جانے والی رقم میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کیا جائیگا ۔ اس طرح ہر سال کسانوں کے اکاونٹ میں 13,500 روپئے کی رقم جمع کروائی جائے گی ۔ ابتداء میں وائی ایس آر کانگریس حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کسانوں کو سالانہ 12,500 روپئے کی امداد فراہم کریگی ۔ تاہم بعد میں اس اسکیم کو مرکزی حکومت کی وزیر اعظم کسان یوجنا سے مربوط کردیا تھا تاکہ ریاستی خزانہ پر مالی بوجھ میں کمی کی جاسکے ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کل ایس پی ایس نیلور ضلع میں ریتو بھروسہ اسکیم کا رسمی طور پر افتتاح کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے آندھرا پردیش اگریکلچر مشن کا ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں کسان تنظیموں کے نمائندوں نے چیف منسٹر سے درخواست کی تھی کہ جو امداد کسانوں کو فراہم کی جا رہی ہے اس میں اضافہ کیا جائیگا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے سالانہ امداد میں ایک ہزار روپئے کے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ کسان تنظیموں کے نمائندوں نے چیف منسٹر کو تجویز کیا کہ یہ رقومات اقساط میں جمع کروائی جانی چاہئے تاکہ کسانوں کو اپنی ضروریات کے مطابق اس سے استفادہ کا موقع مل سکے ۔ ریاستی وزیر زراعت کے کنا بابو نے اخباری نمائندوںکو اجلاس کے بعد یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت مئی کے مہینے میں خریف کی فصل کیلئے 7,500 روپئے جمع کروائے جائیں گے پھر ستمبر اکٹوبر میں ربیع کی فصل کیلئے چار ہزار روپئے اور سنکرانتی تہوار کے موقع پر دو ہزار روپئے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کروائے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے بجٹ 2019-20 میں ہی اس اسکیم کیلئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اتوار کو حکومت نے اس اسکیم کے تحت 5,510 کروڑ روپئے جاری کئے تھے ۔ مسٹر کنا بابو نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت کی اس اسکیم سے ریاست کے جملہ 40 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا ۔