خصوصی چیک پوسٹس کا قیام ، ڈسٹرکٹ کلکٹر ، ایم ڈی مائننگ کارپوریشن و دیگر عہدیداروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): ریاست آندھرا پردیش میں ریتی کی غیر قانونی منتقلی کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کوئی بھی ریتی کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث پایا جائے گا ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔ منیجنگ ڈائرکٹر آندھرا پردیش ریاستی مائننگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسٹر مدھو سدن ریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹر ضلع کرشنا مسٹر امتیاز اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع کرشنا مسٹر رویندر بابو نے آج مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ انتباہ دیا اور بتایا کہ ضلع اور ریاستی حدود میں پائے جانے والے ریتی کے مراکز پر کڑی نظر رکھنے کی متعلقہ عہدیداروں کو سخت ہدایات دی گئیں ۔ علاوہ ازیں ریتی کے مقامات پر خصوصی چیک پوسٹس کا قیام عمل میں لانے کے لیے درکار بنیادی سہولتوں کے لیے تجاویز پیش کرنے کی صورت میں ضرورت کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے ۔ اور ضلع میں مزید ریتی کے مراکز دستیاب رہنے کے لیے بھی کارروائی کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر ضلع کرشنا مسٹر امتیاز نے اس موقعہ پر بتایا کہ ریت عوام کیلئے آسانی سے دستیاب رہنے کو اولین ترجیح دینے کے علاوہ غیر قانونی منتقلی کا کوئی موقعہ فراہم نہ ہونے کیلئے کڑی نظر رکھنے کی تمام تحصیلداروں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں اور غیر قانونی ریتی کی منتقلی کا مکمل تدارک کرنے کے لیے محکمہ پولیس ، ریونیو و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار آپسی تال میل کے ذریعہ اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بالخصوص ضلع کرشنا کے سرحدی تلنگانہ ریاست سے متصل علاقہ جات کنچیکا چرلہ ، نندی گاما و دیگر منڈلوں کے تحصیلداروں کو ریت کی منتقلی کے سلسلہ میں کڑی نظر رکھنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں ۔۔