آندھرا پردیش میں زخمی خاتون نکسلائیٹ لیڈر کلاوتی گرفتار

   

علاج کیلئے راجمنڈری کے دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔پولیس کی جانب سے توثیق
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز )آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم میں گذشتہ دنوں پولیس تلاشی کے دوران پولیس اور نکسلائٹس کے مابین انکاونٹر میں پانچ نکسلائٹس ہلاک ہونے کی خود پولیس نے توثیق کی تھی لیکن بعض ماویسٹ خاتون قائدین کی گرفتاری کی توثیق نہیں کی گئی تھی ۔ لیکن بعد ازاں پولیس نے خاتون نکسلائٹس قائدین کی گرفتاری کی توثیق کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بوردا کوٹہ میں فائرنگ میں زخمی نکسلائٹ خاتون قائد ایس کلاوتی المعروف بھوانی کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور کلاوتی کو رمپاچوڈاورم کورٹ میں پیش کر کے عدالتی احکامات پر راجمندری ہاسپٹل میں علاج کیلئے شریک کروایا گیا ۔ انکاونٹر کے موقع پر بعض نکسلائٹس کو شدید زخمی حالت میں زندہ پکڑے جانے کی اطلاعات پر پولیس نے وضاحت کی کہ ماویسٹ نکسلائٹ قائد مسٹر چلاپتی کی اہلیہ ارونا پولیس کی تحویل میں ہے ۔ انکاونٹر واقعہ میں ارونا شدید زخمی ہوگئی تھیں ۔ پولیس نے حراست میں لے لیا تھا اور انہیں راجمندری ہاسپٹل منتقل کر کے طبی امداد بہم پہونچا رہے ہیں اور علاج کے بعد ارونا سے تفتیش کی جائیگی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر گوتم سوانگ نے گذشتہ دنوں اچانک وشاکھا پٹنم کا دورہ کیا اور کمشنر وشاکھا پٹنم آر کے منیا ، ڈی آئی جی وشاکھا پٹنم وی ایل کے رنگا راؤ ، ضلع ایس پی اے باپو جی ، و دیگر عہدیداران سے ملاقات کی تھی اور وشاکھا پٹنم انکاونٹر میں ہلاک نکسلائٹس کے تعلق سے واقفیت حاصل کیں اور ان تمام عہدیداروں کو انتہائی چوکس رہنے ہدایات دی تھیں ۔ علاوہ ازیں تلاشی میں مصروف ملازمین کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایات دی تھیں اور ماویسٹ نکسلائٹس کی سرگرمیوں کو کچلنے اقدامات کی ہدایات دی تھیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ گوتم سوانگ کی ہدایات پر پولیس نے انکاونٹر میں پانچ نکسلائٹس کو ہلاک کر کے دو اہم خاتون نکسلائٹس قائدین کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا ۔