جاریہ سال سے عمل آوری ، حج کمیٹی کو بجٹ کی فراہمی
حیدراآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے عازمین حج کو مالی امداد سے متعلق اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ جی او جاری کردیا۔ پرنسپال سکریٹری اقلیتی بہبود الیاس رضوی نے جی او ایم ایس 75 کے ذریعہ اسکیم کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ حکومت نے عازمین حج کو عیسائیوں کے مماثل مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ عیسائیوں کو یروشلم کے دورہ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ معاشی طور پر کمزور مسلمانوں کو حج کی سعادت سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے کیلئے اخراجات کے ایک حصہ کو مالی امداد کے طور پر حکومت فراہم کرے گی۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کے بجٹ سے اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ جی او کے مطابق عازمین حج کی آمدنی سالانہ 3 لاکھ روپئے سے کم ہو تو اسے 60 ہزار روپئے مالی امداد کی جائے گی۔ سالانہ آمدنی تین لاکھ سے زائد ہونے کی صورت میں 30 ہزار روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ متعلقہ منڈل ریونیو آفیسر سے حاصل کردہ انکم سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ عازمین حج کو حج اخراجات کی مکمل رقم قواعد کے مطابق ادا کرنی ہوگی جبکہ اسنادات کی جانچ کے بعد حکومت مالی امداد بینک اکاؤنٹ میں جمع کرے گی۔ عازمین حج کی روانگی سے متعلق رپورٹنگ کے بعد یہ رقم جاری کی جائے گی۔ مالی امداد کیلئے ہیڈ آف دی کور کو درخواست داخل کرنی ہوگی جو آندھرا پردیش حج کمیٹی کو کور میں موجود افراد کے نمبرس اور انکم سرٹیفکیٹس کے ساتھ ہونا چاہیئے۔ کور کے سربراہ کو کسی ایک کا آدھار ، پیان، ووٹر آئی ڈی پیش کرنا ہوگا اس کے ساتھ بینک پاس بک، پاسپورٹ کی کاپی اور ہر عازم کی ایک تصویر داخل کرنی ہوگی۔ مالی امداد کیلئے غلط اطلاعات کی فراہمی کے سلسلہ میں ضروری قانونی اور فوجداری کارروائی کی جاسکتی ہے۔