امراوتی ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج اعلان کیا کہ وہ 8 جولائی کو ریاست میں تعمیر امکنہ کیلئے اراضی پٹے جاری کرنے کی اسکیم کا آغاز کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے بے زمین غریب عوام میں 29 لاکھ سے 30 لاکھ پٹے جات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ بے زمین لوگ اپنے مکانات تعمیر کرسکیں۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ اس پروگرام کو ریاستی حکومت انتہائی اہمیت کے ساتھ آگے بڑھائے گی اور اس پر خاص توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے اپنے کیمپس آفس پر اس مسئلہ پر منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر نے تعمیر امکنہ کیلئے اراضی پٹہ جات کے ضلع واری موقف کا بھی جائزہ لیا ۔ ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ حصول اراضیات ‘ قبضہ اور پلاٹس ڈیولپ کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ارا ضیات کی تقسیم منظم انداز میں ہونی چاہئے اور استفادہ کنندگان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ فوری مکمل کیا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ استفادہ کنندگان کی فہرست کو تمام ولیج سیکریٹریٹ دفاتر پر چسپاں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلنے کی شدت میں کمی کے بعد گاووں کا دورہ کرینگے اور حکام کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے دورہ کے موقع پر گاوں کے کسی فرد کو ان کے سامنے مکان یا اراضـی نہ ملنے کی شکایت کرنے کا موقع ہاتھ آنے نہ پائے ۔